الیکشن ٹربیونل کا بڑا فیصلہ، نواب چنگیز خان مری کی کامیابی خطرے میں، 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم

Balochistan News

کوہلو (ویب ڈیسک): بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی9 (کوہلو) کی سیاسی صورتحال میں اس وقت ایک بڑا موڑ آگیا ہے جب الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی نواب چنگیز خان مری کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست پر اپنا بڑا فیصلہ سنا دیا۔

ٹربیونل نے حلقے کے 4 مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر مبینہ بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے شواہد کی بنیاد پر دوبارہ پولنگ کروانے کا باقاعدہ حکم جاری کر دیا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی متعلقہ احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔

یہ عدالتی حکم پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیرِ تعلیم میر نصیب اللہ خان مری کی جانب سے دائر کردہ انتخابی عذر داری پر سامنے آیا۔ میر نصیب اللہ مری نے فروری 2024 کے عام انتخابات کے نتائج کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کرتے ہوئے چند پولنگ اسٹیشنز پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا تھا، جسے ٹربیونل نے جزوی طور پر درست تسلیم کیا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، ان 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے فیصلے سے حلقے کا حتمی نتیجہ پوری طرح تبدیل ہو سکتا ہے۔ فروری کے عام انتخابات میں نواب چنگیز مری نے 7,544 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی تھی، جبکہ میر نصیب اللہ مری 6,277 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان جیت کا فرق محض 1,267 ووٹ ہے۔

چونکہ ان 4 پولنگ اسٹیشنز پر رجسٹرڈ ووٹوں کی مجموعی تعداد چنگیز مری کی حاصل کردہ برتری سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے اگر دوبارہ پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو ن لیگ کی یہ نشست پیپلز پارٹی کے کھاتے میں جا سکتی ہے۔

الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلے کے بعد نواب چنگیز مری کی رکنیت کا مستقبل اب ان 4 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سے مشروط ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کی جانب سے جلد ہی ان چاروں مقامات پر دوبارہ پولنگ کے لیے باقاعدہ شیڈول، تاریخوں اور سیکیورٹی پلان کا اعلان متوقع ہے۔ کوہلو میں اس عدالتی فیصلے کے بعد سیاسی سرگرمیاں ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئی ہیں اور دونوں جماعتوں نے جوڑ توڑ شروع کر دیا ہے۔

 

Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Ut elit tellus, luctus nec ullamcorper mattis, pulvinar dapibus leo.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *